تین ای میلز کی کہانی

تحریر : عاطف ملک
پہلی ای میل

،ڈیئر بسمل صاحب

سب سے پہلے تو  ہم آپ کے شکر گذار ہیں کہ آپ نے ہماری ویب سائیٹ "دل جوڑ"  کو جوائن کیا۔ میں آپ کو ذاتی طور پر خوش آمدید کہتی ہوں۔

میرا نام  دل آرام  ہے اور  میں "دل جوڑ" کمپنی کی مارکیٹنگ مینجرہوں۔ یقین جانیئے آپ کے جوائن کرنے سے ہمیں حقیقی خوشی ہوئی ہے۔ ہم آپ کی عمر کے لحاظ  کے بغیر آپ کی زندگی بدل دیں گئے۔ ہم دل جوڑنے کے ماہر ہیں۔ ہمارے پاس آپ کے لیے ہر انواع واقسام کا جوڑ ہے، سانولی سلونی شرمیلی سے لیکر کاگ اڑاتی ابلتی بوتل تک۔ ہم کئی جہانوں پر نظر رکھتے ہیں۔ آپ کی خوابوں کی دنیا بھی ہماری دسترس میں ہوگی۔ خوش ہوجائیے، آپ کی حسرتیں اب حسرتیں نہیں رہیں گی۔ اپنی خواہشات ہمیں کسی ہچکچاہٹ کے بغیربتائیں۔ ہم آپ کی ضرورت کے مطابق  آپ کا رابطہ کروائیں گے۔

ہم دل جوڑنے کے ایکسپرٹ ہیں۔ ہمارا مقصد  آپ جیسے محبت کے متلاشی لوگوں کی خدمت کرنا ہے، اور ہم اس کے لیے تہہ دل سے کوشاں ہیں۔ ہمارے پاس لاتعداد محبت کے متلاشی دلوں کے رابطے ہیں، اور ہمارا الگورتھم اس دور کے ذہین ترین لوگوں نے بنایا ہے۔ ہم آپ کے لیے ایسا جوڑ ڈھونڈ کر لائیں گے جو آپ کے تن من میں سکون بھر دیگا۔ ہمارے ماہرین اور ہمارے الگورتھم آپ کو آپ سے بھی بہتر جان جائیں گے۔

آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارے آن لین فارم کے جوابات دیجیئے، اور فوراً ہماری فیس جمع کرائیں۔ اس کے بعد آرام سے بیٹھ جائیے۔ خوش ہوجائیں، آپ کی خواہشیں پوری ہونے والی ہیں۔ 

  ہماری سروس کو  اپنے ساتھیوں سے  متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد  تو سب کی خدمت ہے۔

،آپ کی خدمتی
دل آرام
مارکیٹنگ مینجر 
دل جوڑ ویب سائیٹ

----------------------------------------------------------------------------------------------------
دوسری ای میل
،ڈیئر بسمل صاحب

ہمارے آن لائن فارم  فل کرنے اور فیس ادا کرنے کا شکریہ۔ ہم آپ کو اپنی زندگی کا نمایاں ترین قدم لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آپ نے اپنی خواہشات اور حسرتیں ہم سےشیئر کیں۔ ہم آپ کے اعتماد کے شکرگذار ہیں۔ ہمارے ماہرین سائیکالوجی کے ماہر ہیں اور انسانی ذہن کی اتھاہ گہرائیوں کی تاریکی میں بھاگتے پھرتے ہیں۔  مطمن رہیئے، ہم آپ کی خواہش کے عین مطابق آپ کے لیے جوڑ ڈھونڈ رہے ہیں۔ 

ہماری سروس کو اپنے ساتھیوں سے  متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد  تو سب کی خدمت ہے۔ 

،آپ کی خدمتی
دل آرام
مارکیٹنگ مینجر 
دل جوڑ ویب سائیٹ

----------------------------------------------------------------------------------------------------
تیسری ای میل

،ڈیئر بسمل صاحب 

آپ کی اپنے جوڑ سے ملاقات اچھی نہیں رہی،  ہمیں اس کا بہت افسوس ہے۔  آپ کے مطابق  تجویز کردہ جوڑ  اپنی تصویر اور لکھی گئی عمر سے کہیں فرق تھا۔ اب یہ تو میک اپ اور فوٹوگرافی کی دنیا کا معجزہ ہے، اور معجزوں کے  آگے تو سب بےبس ہیں۔

 آپ اگر ہماری ٹرمزاینڈ کنڈیشن کو غور سے پڑھیں تو اس میں واضح لکھا ہے کہ ہم آپ کے جوڑ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، مگر ہم کوئی گارنٹی نہیں دے سکتے۔ علاوہ ازیں ہم خلوص سے یہ سمجھتے ہیں کہ  آپ کی  بیان کی گئی خواہشات اگر حسرتیں ہی رہیں تو یہ آپ کی آنے والی دنیا ہی نہیں بلکہ موجودہ دنیا کے لیے بھی بہتر ہے ۔

 ہمیں یقین ہے کہ آپ ہماری کوششوں کی داد دیں گے کہ ہم نے آپ کے جوڑ کے لیے بہت محنت کی ہے۔ کئی جہانوں میں دیکھا اور ڈھونڈ مچائی رکھی ہے۔ ان تمام کوششوں میں وقت اور افرادی طاقت لگتی ہے ، سو اس وجہ سے ہم آپ کے پیسے نہیں لوٹا سکتے۔ 

ہماری سروس کو اپنے ساتھیوں سے متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد  تو سب کی خدمت ہے۔ 

،آپ کی خدمتی
دل آرام
مارکیٹنگ مینجر 
دل جوڑ ویب سائیٹ

Copyright © All Rights Reserved :
No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact:

aatif.malikk@gmail.com





Comments

Popular posts from this blog

اشبیلیہ اندلس کا سفر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک تصویری بلاگ

کرٹن یونیورسٹی میں طالب علموں کی احتجاجی خیمہ بستی کا منظر

رزان اشرف النجار -------------زرد پھولوں میں ایک پرندہ