Posts

Showing posts from May, 2021

ہاتھ دھونا

عجب ایک عادت ہے، پتہ نہیں کب سےسرشت میں شامل ہے؟ جب سے ہوش سنبھالا ہے یہ طریقہ زندگی کا حصہ بنا ہوا ہے۔  جب بھی ہاتھ دھوتا ہوں، وقت اور مکاں سے بلا لحاظ صابن ہاتھ پر ملتا جاتا ہوں اور سورہ فاتحہ پڑھتا جاتا ہوں۔ سورت ختم ہوتی ہے تو ہاتھ کا دھونا بھی ختم ہوتا ہے۔ کبھی یاد نہیں کرنا پڑا خود بخود نہ جانے کہاں یہ سورت کا پڑھنا آجا تا ہے۔ کبھی اس کی شعوری کوشش نہیں کی کہ عقل کے پیمانے پر تولنے کی صلاحیت سے قبل سکھائی گئی چیزوں کے نقوش بڑے گہرے ہوتے ہیں۔  وائرس کرونا آیا تو ہاتھ دھونے کے طریقے بتائے جانے لگے کہ ہاتھ ایسے دھوئیں اور پندرہ سے بیس سیکنڈ تک آپس میں ملیں۔  عقدہ حل ہوگیا کہ ایک کم سن کو سیکنڈوں کے پیمانوں کے علم سے بھی قبل ہاتھ دھونے کے دورانیے کا پابند کردیا گیا تھا، اور ہاتھ صاف کرتے دعا بھی کہ کرم شدہ لوگوں کی پیروی مل جائے۔ ماں سے زیادہ کس کو بچے کی جسمانی اور روحانی ستھرائی کا خیال ہوگا۔ اگلی دفعہ آپ ہاتھ دھوئیں تو سورہ فاتحہ اپنی ماں اور میری ماں کے لیے پڑھ لیجئے گا کہ صفائی اوراولاد کی تربیت ماوں کے دم سے ہوتی ہے۔