اشبیلیہ اندلس کا سفر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک تصویری بلاگ
تحریر : عاطف ملک
نوٹ: اس مضمون کی تمام تصاویر مصنف نے کھینچی ہیں۔ جو تصاویر کہیں اور سے لی جائیں گی، ان کی بابت لکھا جائے گا۔
ہے Seville اشبیلیہ کا انگریزی میں نام
بچپن سے علامہ اقبال کی نظم مسجد قرطبہ پڑھنے کے بعد سرزمینِ اندلس دیکھنے کی خواہش تھی۔ 2018 میں الحمداللہ یہ خواہش پوری ہوئی۔ اس کا تصویری سفر نامہ پیش کرنے کی کوشش ہے۔ پہلی قسط اشبیلیہ شہر کے سفر کی ہے۔
اشبیلیہ کو 712 عیسوی میں بربر مسلمانوں نے فتح کیا تھا جو کہ مغرب سے حملہ آور ہوئے تھے۔ مغرب عربی میں شمالی افریقہ کےعلاقے کو کہا جاتا ہے جن میں الجزائر، مراکش، تیونس ، لیبیا اور موریطانیہ کے ممالک شامل ہیں۔ یہاں کے باشندوں کی نسل بربر کہلاتی ہے جو کہ دس ہزار قبلِ مسیح سے ان علاقوں میں رہ رہی ہے۔ طارق بن زیاد جس نے 711 عیسوی میں سپین پر مغرب موجودہ مراکش سے حملہ کیا تھا وہ بربر النسل تھا۔ افریقہ اور سپین کے درمیان اس مقام پر پانی کی پتلی گذرگاہ ہے جو کہ اٹلانٹک سمندر جسے اردو میں بحر اوقیانوس کہتے ہیں اور میٹیٹیرین سمندر جسے اردو میں بحر روم کہتے ہیں، کو ملاتی ہے۔ اس مقام پر افریقہ اور یورپ کا درمیانی فاصلہ صرف پندرہ کلومیٹر کے لگ بھگ ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں طارق بن زیاد نے اپنی کشتیاں جلائی تھیں کہ یہ جگہ اب ہماری ہے ، یہیں دفن ہو نگے، مارے گئے حملہ آور کی صورت یا فاتح کی صورت۔ اس جگہ واقع پہاڑ کا نام اس بہادر کے نام پر آج بھی جبل الطارق ہے۔ اسی طرح یوسف بن تاشفین بھی بربر شاہی حکمران سلسلے المرابطون کا ایک نمایاں نام رہا ہے۔
چھ جولائی، 2018 کو فرینکفرٹ سے اشبیلیہ کی راین ایر کی فلائیٹ |
راین ایر سستی ایر لائن ہے۔ انیس سو چوراسی میں آئر لینڈ میں قائم ہوئی تھی۔ نام اپنے بانی کے نام پر راین ہے۔ چھ جولائی 2018 کی اس ایرلائن کی ٹکٹ فرینکفرٹ سے اشبیلیہ کے لیے خریدی تھی۔ کوئی سامان بک نہیں کر سکتے، فلائیٹ میں پانی تک بھی خریدنا ہوگا۔ فلائیٹ دور رن وے پر لینڈ ہو گی اور آگے پیدل چل کر جانا ہوگا، سو ایر لائن اپنا کم سے کم خرچ رکھتی ہے، مگر ٹکٹ بھی باقی فضائی کمپنیوں سے بہت کم ہے۔ اس وجہ سے جہاز پوری طرح بھرا ہوتا ہے۔
راین ایر کا جہاز ایر پورٹ پر |
راین ایر کا نشان آیر لینڈ کا ایک موسیقی کا آلہ ہے جسے ہارپ کہتے ہیں۔ وکی پیڈیا کے مطابق یہ موسیقی کا آلہ 3500 قبلِ مسیح کا ہے۔ وادیِ نیل کے مقبروں میں اس آلے کی تصاویر ملی ہیں۔
ایک عورت ہارپ بجاتے ہوئے، یہ تصویر انٹرنیٹ سے لی گئی ہے۔ |
فضا سے اترتے شہرکے خدوخال نظر آنے لگے تھے، زیتون کے باغات پھیلے ہوئے تھے۔ گھروں کے صحنوں میں سوئمنگ پول نظر آرہے تھے۔ اندلس کے سفر میں دیکھا کہ حوض مسلم دور کا تحفہ ہے۔ پانی کے راستے بنائے گئے تھے جن سے باغات اور فصلیں سیراب ہوتی تھیں۔ انہیں آبی گزرگاہوں کو گھروں کے اندر لاکر حوض اور فواروں کو پانی فراہم کیا گیا تھا۔ کیا خوبصورت طرزِ تعمیر کہ گھرکے درمیان میں باغ، حوض، فوارہ اور اس کے گرد رہائش۔
اشبیلیہ پر اترتے ہوئے فضا سے ایک منظر |
اشبیلیہ شہر کے باہر زیتون کے باغات |
اشبیلیہ شہر فضا سے ایک تصویر |
سفر سے پہلے ہی کار بک کر لی تھی کہ اندلس کے پانچ روز کے سفر میں ہمارے ساتھ رہے گی، سو ایرپورٹ سے کار حاصل کرلی۔ کرائے پر دینے والی کمپنی کی ملازمہ ہم سے اور پیسے لینے کی چکر میں تھی۔ آپ سفر کی انشورنس کرائیں، گاڑی خراب ہوجائے تو اس کو لانے کے لیے ٹرک آجائے گا، اسکی علیحدہ انشورنس کرالیں، غرض ہر بے یقینی کا توڑ انشورنس کے تحت کروا لیں۔ کچھ ہم اس کے چکر میں آگئے اور کچھ اس سے معافی چاہی کہ کچھ تو اللہ پر بھی انحصار رکھیں۔
اشبیلیہ ایرپورٹ پر گآڑیاں کرائے کے دفاتر |
اندلس میں ہمارے سفر کی ساتھی |
گلی آلنسو کاریلو میں اٹھائیس نمبر کے گھر کا ایک کمرہ ایر-بی-ان- بی سے بک کیا تھا۔ ہسپانی زبان میں سٹریٹ کو گلی ہی کہا جاتا ہے، اب پتہ نہیں یہ لفظ کہاں سے آیا، کسی وقت اس پر تحقیق کریں گے۔ مریم نام کی گھر کی مالکہ تھی، اس نے ای میل پر بتا دیا تھا کہ گھر کی چابی گلی میں لگے بجلی کے میٹر کے ڈبے میں رکھی ہوگی۔ اس بات سے ہی بڑی اپنائیت کا احساس ہوگیا 😊۔
چلتے ہو تو اشبیلیہ اور قرطبہ کو چلیں |
چلیے کدھر کا ارادہ ہے، اشبیلیہ یا قرطبہ |
اشبیلیہ میں ہماری گلی |
اشبیلیہ میں ہمارا پڑوس |
عبدالرحمن اول نےسپین میں کھجور کا ایک درخت لگوایا اوراس نے چند شعرعربی میں اس درخت کے بارے میں لکھے۔ وہ شعر پیرس میں لوو کے عجائب گھر میں عربی میں لکھے دیکھے جاسکتے ہیں۔ وہی عجائب گھر جس میں مونا لیزا کی تصویر لگی ہے، ایک مسکراھٹ جو کہتے ہیں کہ کچھ خاص ہے۔ اسی عجائب گھر میں اس نظم کے شعر ہیں جو اپنے وطن سے دور ایک حاکم نے لکھے تھے، عام سے شعر، نہیں بلکہ بہت خاص شعر۔ مونا لیزا کی مسکراہٹ کو ماند کرتا ایک احساس۔ بے وطنی حاکم اور فقیر سب کے لیے ایک سی ہوتی ہے۔ اداسی کا بادل ایسا کہ سب کو ڈھانپ لے، کسی امتیاز کے بغیر۔
علامہ اقبال نے بال جبریل میں ایک نظم ’عبدالرحمن اوّل کا بویا ہوا کھجور کا پہلا درخت‘ پر نوٹ دیتے ہوئے لکھا کہ یہ اشعار، جو عبدالرحمن اوّل کی تصنیف سے ہیں، تاریخ المقری میں درج ہیں۔ علامہ کی نظم اردو میں ان اشعار کا آزاد ترجمہ ہے۔ عربی نظم انٹرنیٹ پر ڈھونڈی ہے اورکچھ یوں ہے۔
تبدَّت لنا وسط الرصافۃ نَخْلّۃٌ
تنائت بأرض الغربِ عن بلد النخلِ
فقلت شبیھي فیي التغُّرب والنَّوَی
و طولِ التنائي عن بُنيّ و عن أھلي
نشأت بأرضٍ أنتِ فیھا غریبۃ
فمثلُکِ في الاقصاءِ والمُتْنَأی مثلي
شَقَتْکِ غوادي المُزْنِ من صوبھا الذي
یَسُحُّ ویستمري السَماکین بالویل
علامہ اقبال نے ان عربی اشعار کا ترجمہ اپنی نظم ’عبدالرحمن اوّل کا بویا ہوا کھجور کا پہلا درخت‘ کے پہلے بند میں کچھ ایسے کیا ہے۔
میری آنکھوں کا نُور ہے تُو
میرے دل کا سرور ہے تُو
اپنی وادی سے دُور ہوں مَیں
میرے لیے نخل طور ہے تُو
مغرب کی ہَوا نے تجھ کو پالا
صحراے عرب کی حور ہے تُو
پردیس میں ناصبور ہوں مَیں
پردیس میں ناصبور ہے تُو
غربت کی ہَوا میں بار وَر ہو
ساقی تیرا نمِ سحرہو
اس نظم کے دوسرے بند میں علامہ اقبال نے اپنے تاثرات ایسے بیان کیے ہیں ۔
عالَم کا عجیب ہے نظارہ
دامانِ نِگہ ہے پارہ پارہ
ہمّت کو شناوری مبارک
پیدا نہیں بحر کا کنارہ
ہے سوزِ دُروں سے زندگانی
اُٹھتا نہیں خاک سے شرارہ
صُبحِ غُربت میں اور چمکا
ٹُوٹا ہُوا شام کا ستارہ
مومن کے جہاں کی حد نہیں ہے
مومن کا مقام ہر کہیں ہے
اشبیلیہ علاقہِ اندلس کا سب سے بڑا شہر اور دارلحکومت ہے۔ یہ وادی الکبیر میں واقع ہے جہاں سے دریا وادی الکبیر بہتا ہے۔ یہ سپین کا دوسرا طویل ترین دریا ہے اور یہی صرف دریا ہے جس میں جہاز رانی ہو سکتی ہے۔
دریائے وادی الکبیر |
دریائے وادی الکبیر کا کنارا |
دریائے وادی الکبیر پر ایک پل |
دریائے الکبیر کے کنارےمسلم الموحدون بادشاہوں کا بنا ہوا مینارِزر ابھی بھی قائم ہے۔ اس کا نام زر یعنی سونے کی دھات کے نام پر اس لیے ہے کہ اس کی تعمیر میں ایسے اجزا استعمال کیے گئے تھے کہ اس کا پانی میں سنہرا عکس بنتا ہے۔ یہ قید خانے کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا ہے، جبکہ اس کو دریا میں بھاری زنجیریں ڈال کر دشمن بحری جہازوں کے لیے رکاوٹ بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ زنجیر کے اگلے سرے کے لیے دریا کے دوسرے کنارے پر بنی عمارت وقت کی شکست وریخت کا شکار ہو کر تباہ ہوچکی ہے۔
دریائے الکبیر کے کنارے مینارِ زر |
کمرے میں سامان رکھ کر شہر کے قابل دید مقامات کی طرف چل نکلے۔ اشبیلیہ کی یونیورسٹی کے پاس گاڑی پارک کی اور پیدل اس علاقے میں نکل پڑے۔ اس علاقے میں سیاحوں کے لیے گھوڑوں کی بگھیاں بکثرت تھیں۔ گھوڑوں سے سپین میں محبت کافی ہے ۔ راہ میں ایسے کلب بھی نظر آئے جہاں گھوڑوں کے مختلف کرتب دکھائے جاتے ہیں۔
سیاحتی بگھی |
سیاحتی بگھی |
سیاحتی بگھی |
سیاحتی بگھی |
انتظار |
اشبیلیہ کا سٹیڈیم جہاں 1982 فٹبال ورلڈکپ کا سیمی فائنل میچ جرمنی اور فرانس کے درمیان ہوا تھا |
اشبیلیہ کی ایک گلی |
ہوٹل الفانسو، اشبیلیہ |
ہوٹل الفانسو، اشبیلیہ |
ہوٹل الفانسو، اشبیلیہ |
ہوٹل الفانسو، اشبیلیہ |
اشبیلیہ کےمحل القصر کے قریب کی ایک سڑک |
مسافر اشبیلیہ میں |
اشبیلیہ کا ایک چوک |
چوک کی قریب سے تصویر |
چلتےچلتے اشبیلیہ کی یونیورسٹی پر جا نکلے۔ طالبعلموں کا ایک مجمع تھا۔ طالبعلم اورانکے خاندان اکٹھے تھے۔ خوب رونق تھی، شاید تعلیم مکمل کرنے کی تقریب تھی۔ سب خوش تھے، خوش لباس، خوبصورت، کھلکھلاتے، مسکراتے۔ اندلس کا حسن ایک جگہ اکٹھا تھا۔ صدیوں کے مختلف قومیتوں کے خون کی آمیزش، حرارت، رنگ اور روشنی ایک جگہ پر تھی۔
اندلس کےطرزِتعمیر میں محراب اور قوس بہت نظر آتے ہیں۔ یہ اس دور کی ریاضی میں مہارت کا آئینہ دار ہیں۔ جیومیڑیکل اشکال، تناسب، منقش اشکال اور ڈیزائن سب دیکھنے کے قابل ہیں۔
بازار کے کونے پر ایک عمارت بمعہ محراب اور قواسین |
اشبیلیہ کے بازار سے گزرتے ایک برآمدہ نظر آیا جس کی یہ تصویر ہے |
برامدے کے اوپر کمرے و رہائش |
مکاناتِ اشبیلیہ |
کسی بھی شہر میں جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہو، وہاں آپ کو سٹریٹ آرٹسٹ ضرور نظر آئیں گے۔ اشبیلیہ میں بھی سٹریٹ آرٹسٹ مختلف جگہوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔
اشبیلیہ میں سٹریٹ آرٹسٹ |
اشبیلیہ میں سٹریٹ آرٹسٹ |
مگر اس تمام چمک کے ساتھ ساتھ غربت بھی نظر آجاتی ہے۔
اشبیلیہ میں ایک بے گھر |
گھومتے پھرتے شام ہوگئی۔
اشبیلیہ کی شام |
اوراندلس کی شام جہاں حسن بھی تھا اورحزن بھی۔ مکان چوباروں والے، چند پر بانس کی تیلیوں کے پردے، چوبارے، چلمن۔ گلی میں روشنی پرانے فانوسوں کی قطار پھیلا رہی تھی، سونی گلیاں اور ایک مسافر جو زندگی کی برسوں کی خواہش کی تکمیل پر تھا۔ حسن اور حزن کون اس کی مار سہہ سکتا ہے، مسافر کی روح وہیں برسوں سے پھر رہی تھی، آوارہ ، بے اماں، بے سکوں۔ اور اب صدیوں پھرتی رہے گی آوارہ، بے اماں، بے سکوں۔
اشبیلیہ کی سونی گلی |
اشبیلیہ کی سونی گل |
اشبیلیہ کی سونی گلی |
اندرون اشبیلیہ کا طرزِ تعمیر |
شام کے وقت اشبیلیہ کی ایک عمارت |
عمارت کی دوسرے زاویے سے تصویر |
گھومتے پھرتے رات ہوگئی تھی۔ رات کے کھانے کے لیے حلال ریسٹورنٹ کی تلاش تھی۔ سیاحوں کے علاقے میں ایک عرب ریسٹورنٹ ملا، وہاں رات کا کھانا کھایا۔ کھانا مزے کا نہ تھا، اکثر ایسی جگہوں پر یہ مسلہ ہو جاتا ہے کیونکہ اگر گاہگ باقاعدگی سے نہ آتے ہوں تو کھانے کے معیار کی طرف اتنی توجہ نہیں دی جاتی۔ سبق یہی ہے کہ سیاحتی علاقے سے کھانا نہ کھایا جائے، مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا معیار نیچا ہونے کا امکان رہتا ہے۔
اگلے دن ہم صبح صبح اشبیلیہ کے محل جس کا نام القصر ہے، اس کے سامنے تھے۔ وہاں سیاحوں کی ایک لمبی قطار ٹکٹ خریدنے کے لیے کھڑی تھی۔ ہم نے اس قطار سے بچنے کے لیے فوراً وہیں کھڑے کھڑے انٹرنیٹ سے آن لائن ٹکٹ خریدی اور محل میں داخل ہوئے۔
اشبیلیہ میں شاہی محل ایک ہزار سال سے قدیم ہے۔ یہ محل بنو عباد کے شاہی خاندان نے بنایا تھا۔ یہ خاندان اقتدار میں بنو امیہ کے اندلس میں حکمرانی کے خاتمے کے بعد آیا۔ بنو امیہ کے بغداد میں خلافت کے خاتمے کے بعدعبدالرحمن اول نے قرطبہ کی خلافت کی بنیاد رکھی۔ اس سلطنت کا شمالی افریقہ بھی حصہ رہا۔756 عیسوی سے لیکر 929 عیسوی تک یہاں کا حکمران امیرِ قرطبہ کہلاتا تھا۔ 929 عیسوی میں عبدالرحمن سوم نے اپنی خلافت کا اعلان کیا اور سو اپنا لقب امیر سے خلیفہ میں بدل لیا۔1009 سے 1031 تک اس علاقے میں خانہ جنگی رہی، تاریخ اسے فتنہِ اندلس کے نام سے جانتی ہے ۔ اس دور میں محلاتی سازشیں اپنے عروج پر تھیں اورکئی شہزادوں کے قتل کا باعث بنیں۔ اس خانہ جنگی کے باعث 1031 عیسوی میں قرطبہ کی خلافت کا خاتمہ ہوا اور سلطنت کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔ ان ٹکڑوں کے مختلف خاندان حکمران بن گئے جو آپس میں لڑتے رہتے تھے۔ ان آپس کی جنگوں میں مسلمان حکمران ایک دوسرے کے خلاف پڑوسی عیسائی حکمرانوں کی مدد لیتے رہتے تھے۔ بنو عباد نے اشبیلیہ پر 1023 عیسوی سے 1091 عیسوی تک حکمرانی کی اور اشبیلیہ کا محل انہوں نے تعمیر کروایا تھا۔ یہ محل عیسائی فتح کے بعد عیسائی حکمرانوں نے مختلف تبدیلیوں کے ساتھ اپنی رہائش کے لیے استعمال کیا، مگر اب بھی اس محل میں اسلامی/عربی/مورش طرز تعمیر نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ یہ طرزِتعمیر مدجن بھی کہلاتا ہے۔ مدجن کا لفظ ہتک آمیز ہے کیونکہ سپین کے فاتح عیسائی اسے پالتو کے زمرے میں استعمال کرتے تھے۔ اور عیسائی فتح کے بعد وہ مسلمان جو سپین میں رہے ان کے لیے یہ ہتک آمیز لفظ استعمال کیا جاتا تھا۔ اشبیلیہ کا محل اقوام متحدہ کی عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ ایک عالیشان عمارت ہے جس کے نقش ونگار نے صدیوں کا سفر برداشت کیا ہے ۔ یہ عمارت اور اس کے باغات اپنے ہنرمندوں، معماروں، نقش گروں اور اُس زمانے کے فنون کا آئینہ دار ہے۔
اگلے دن ہم صبح صبح اشبیلیہ کے محل جس کا نام القصر ہے، اس کے سامنے تھے۔ وہاں سیاحوں کی ایک لمبی قطار ٹکٹ خریدنے کے لیے کھڑی تھی۔ ہم نے اس قطار سے بچنے کے لیے فوراً وہیں کھڑے کھڑے انٹرنیٹ سے آن لائن ٹکٹ خریدی اور محل میں داخل ہوئے۔
اشبیلیہ میں القصر محل کے باہر سیاحوں کی قطار |
القصر محل اشبیلیہ |
القصر محل اشبیلیہ کا بیرونی منظر |
القصر محل ، اشبیلیہ |
القصر محل کی بیرونی دیوار |
القصر محل کی بیرونی دہوار کا ایک منظر |
القصر محل کی دیوار کی طرز تعمیر |
القصر کی ایک پرانی دیوار |
محل القصر کے ایک کمرے کی چھت کا ڈیزائن |
القصر کے اندر کا ایک منظر |
القصر محل کا اندر کا دالان |
قواسین |
القصر کا طرز تعمیر |
القصر میں خطاطی |
القصر میں دروازے کے اوپر خطاطی ہزار سال کے بعد بھی قائم ہے |
القصر میں ستون |
القصر کے دالان |
القصر محل میں اوپر کا برآمدہ |
آلقصر کے طرز تعمیر کی ایک اور تصویر |
دروازے کے نقش و نگار |
چھت کے ساتھ عربی خوشخطی |
القصر کی خوبصورتی |
عمارت میں جھروکے |
نقش، خطاطی ، ہنر مندی |
جیومیٹریکل ڈیزائن |
سامنے کا رخ |
برآمدہ |
صناعی |
قوس اور اس پر نقش |
ستون |
القصر میں صحن کے ساتھ کا برآمدہ |
القصر میں عمارتی جیومیٹری کی مثال |
قوس بمعہ نقش کی ایک اورتصویر |
پٹی پر قرانی خطاطی |
صحن کے گرد کےبرآمدے |
عمارت میں جیومیڑیکل کمال |
نقش ہیں سب ناتمام خون جگر کے بغیر |
خطاطی اورعمارت کا حسن |
دروازہ اور اس کے اوپر کی دیوار پر خطاطی |
رنگوں کا تناسب |
نقش ہیں سب ناتمام خون جگر کے بغیر |
دروازے پر عربی خطاطی |
محل القصر کے نقش |
القصر کا طرزِ تعمیر |
برآمدہ |
چھت |
جیومیٹریکل تناسب |
نقش |
رنگوں کا امتزاج |
کھڑکی کی جالی پر عربی خطاطی ، لکڑی کے دروازے پر نقش اور ستون پر نیلے رنگ سے نقاشی |
محل میں اوپر کی منزل کے برآمدے |
دروازے اور عمارت کے ساتھ ساتھ اوپر لگی لکڑی پر بھی خطاطی کی گئی ہے۔ یہ لکڑی ایک ہزار سال سے پرانی ہونے کے باوجود ٹھیک ہے |
دروازے پر القدرہ اللہ لکھا نظر آرہا ہے القصر میں دوسری شاہی عمارات کی طرح ایک عالیشان باغ بھی ہے، جس کی سیرابی کے لیے پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس باغ کے وسط میں ایک عمارت میں ایک فوارہ بھی بنا ہے |
باغ کےکونےپر عمارت |
پھول کھلے ہیں |
محل القصر کا باغ |
محل القصر کے باغ کا منظر |
القصر کا باغ |
باغ کے درمیان میں بیٹھنے کی جگہ |
باغ |
باغ سے گذرتا راہ |
باغ کے درمیان میں عمارت |
القصر کا باغ |
محل القصر کے باغ کا ایک اور منظر |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ |
القصر باغ کا درمیان |
باغ کے درمیانی عمارت کی اندرونی دیوار |
باغ کی درمیانی عمارت کے اندر کا فوارہ |
القصر کے باغ میں ہمیں کچھ مہمان مل گئے جو ہمارے بسکٹوں میں شریک ہوئے۔
باغ میں مور |
باغ میں بطخ |
بسکٹ میں شریک دوست |
القصر میں شاہی حمام |
القصر میں شاہی حمام |
القصر سے نکلنے کی راہ |
القصر سے نکلتے ہوئے دیکھا کہ درمیانی صحن میں چھوٹے چھوٹے سے پرندے لگاتار دائرے میں چکر لگا رہے ہیں۔ کچھ دائیں سے بائیں دائرے میں اڑتے اور کچھ اس سے مخالف بائیں سے دائیں دائرے میں اڑتے۔ بچپن میں سکول جاتے ہوئے چوبرجی کے چوک سے گذرتے تھے تو وہاں پر ابابیلوں کو یونہی بے چین اڑتا پاتے تھے، وہی منظر تھا۔ شاید صدیوں سے یہ پرندہ بے چین ہے ، چونچوں سے کنکر دوبارہ گرانے کے لیے۔
القصر سے متصل ہی اشبیلیہ کا چرچ ہے، دنیا کا تیسرا بڑا چرچ ؛ عالیشان، پروقار، دیکھنے کے قابل۔ یہ عمارت اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔
مگر یہ چرچ ہمیشہ چرچ نہ تھا۔ یہ ایک عالیشان مسجد تھی جس کی تعمیر الموحد خلیفہ ابو یعقوب یوسف نے 1172 عیسوی میں شروع کروائی تھی۔ 15 ہزار سکوئر میٹر سے بڑی اس مسجد کا نقشہ مقامی آرکیٹیکٹ احمد بن باصو اور سسلی کے رہائشی آرکیٹیکٹ ابو لیث الثقلی نے بنایا تھا، قبلہ رو کھڑی عمارت، جس کے ساتھ وضو خانے کا حوض اور ایک بلند و بالا مینار شامل تھا۔ وہ مینار کہ جس کی اونچائی سے موذن کی آواز پوری وادی الکبیر میں گونجتی تھی۔ اللہ اکبر، اللہ اکبر۔ بے شک اللہ سب سے بڑا ہے۔
یہ مینار 350 فٹ کے قریب اونچا ہے اور آج بھی اشبیلیہ کی پہچان کے طور پر کھڑا ہے، سیدھا، اونچا، بلند و بالا، فخر کے ساتھ مگر افسردہ۔ مسجد ختم ہوئی، قبلہ روعمارت کو بدل دیا گیا، صلیبیں پیوست ہوئیں، عیسائیت کی مذہبی تصاویر اور مجسمے مسجد میں جابجا لگا دیے گئے۔ مگر یہ مینار کھڑا رہا، ایک شان کے ساتھ ، ایک افسردگی گو اس کے چہار جانب تھی۔ اور ابابیلوں کے جھنڈ کے جھنڈ اس کے گرد طواف کرتے ہیں، بے چین، دائروں میں بے چین اڑتے، اپنی تیز آوازوں سے موجودگی بتاتے، حکم کے انتظارمیں۔ مگر حکم نہیں آتا؛ چیخوں، سینہ کوبی کے باوجود، ماتم سے قطع نظر، آنسووں کی قطاروں کے باوجود، خون کی نہروں کے باوجود، اداس آنکھوں، غم زدہ چہروں کی فریادوں کے باوجود۔
حکم نہیں آتا کیونکہ خاص حکم عام نہیں آتے۔ مگر اصول ہمیشہ عام رہتا ہے، صدیوں سے جاری و ساری، عمومیت کے ساتھ ۔اصول کہ جرم ضعیفی کی سزا ہولناک ہے۔ ہولناک؛ کسی معافی ، کسی رحم، کسی درگزر کے بغیر۔ چیخوں، سینہ کوبی کے باوجود، ماتم سے قطع نظر، آنسووں کی قطاروں کے باوجود، خون کی نہروں کے باوجود، اداس آنکھوں، غم زدہ چہروں کی فریادوں کے باوجود۔ ہولناک، جسم سے بڑھ کی روح کو تارتار کرتی ہولناکی۔
اور اس مسجد کا مینار اب بھی کھڑا ہے۔ اذان کی جگہ چرچ کی گھنٹیاں اب وادی الکبیر میں گونجتی ہیں۔ اور ابابیلوں کے جھنڈ کے جھنڈ اس کا طواف کرتے ہیں؛ بے چین، بیقرار، اونچی چیخوں میں ماتم و گریہ زن۔
اشبیلیہ میں تاریخی تجارتی دستاویزات کی عمارت کا ایک پہلو
اشبیلیہ کے چرج کا گھنٹیوں کا مینار جو پہلےاذان کے لیے مسجد کا حصہ تھا |
مینار کی بنیاد سے تصویر جو اسکی چوڑائی کا اندازہ دیتی ہے۔ |
اشبیلیہ کا چرچ |
اشبیلیہ میں تیسری عمارت جو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہے وہ اشبیلیہ کے قدیم تاجروں کے پرانےتجارتی مخطوطا ت کو سنبھالنے کی عمارت ہے۔ اس میں ہسپانوی سلطنت کے نئی دریافت یافتہ براعظم امریکہ میں تجارتی دستاویزات سنبھال گئی ہیں۔ کولمبس جس نے امریکہ دریافت کیا تھا ، اس کی جہازرانی کے مہمات کی سرپرستی ہسپانوی سلطنت نے کی تھی۔اس عمارت کا انگریزی میں نام ہے
۔General Archives of Indies
اشبیلیہ میں تاریخی تجارتی دستاویزات کی عمارت |
عمارت کے سامنے مسافر |
اشبیلیہ میں تاریخی تجارتی دستاویزات کی عمارت |
اشبیلیہ میں تاریخی تجارتی دستاویزات کی عمارت |
اشبیلیہ میں تاریخی تجارتی دستاویزات کی عمارت کا ایک پہلو
عمارت کی دوسرے زاویے سے تصویر |
عمارت کے سامنے پانی کی نہر |
پانی میں سیاحوں کےلیے کشتی رانی |
عمارت کے دائیں کونے کی تصویر |
عمارت کے داخلے کا راستہ |
عمارت کے سامنے پانی کی گذرگاہ |
عمارت کا بایاں کونہ |
عمارت کے درمیان میں نہر کے ساتھ میدان |
دور کے زاویے سے عمارت کی تصویر |
عمارت کے سامنے نہر اور پل |
گھوم پھر رہے تھے کہ ایک دیوار کی چھاوں میں تین دوست بلیاں آرام کر رہی تھیں۔ ہمیں بھی انہوں نے بڑے غور سے دیکھا، ایسے ہی جیسے ہم انہیں غور سے دیکھ رہے تھے۔
سیاحوں کو دیکھتے دوست |
گھومے پھرتے سہ پہر ہو گئی تھی، بھوک بھی خوب لگ رہی تھی مگر کل شام کا تجربہ تھا کہ سیاحتی مقام پر کھانا اتنا اچھا نہیں ہوتا۔ رات جو ایک عرب ریسٹورنٹ میں بیف سٹیک کھایا تھا بالکل اچھا نہ تھا سو گوگل میپ پر کوئی دور کی حلال کھانے کی جگہ ڈھونڈنی شروع کی۔ ایک کباب شاپ دور کی مسافت پر ملی۔ ڈھونڈنے اور پہنچنے میں مزید وقت لگ گیا، مگر وہاں پہنچے تو سرگودھا میانی کے علاقے کا یاسین اس دکان میں ملازم تھا۔ اُس نے زبردست باسمتی چاول، سبزی اور بیف ہمارے ذائقے کا تیار کیا، سو بڑا مزا رہا۔
کمرے سے صبح نکلتےسامان گاڑی میں رکھ لیا تھا، سو کھانا کھا کر قرطبہ کے لیے روانہ ہوئے۔ اشبیلیہ سے قرطبہ کا سفر ڈیڑھ سے دو گھنٹے کا ہے، سو اس کی کہانی اگلی قسط میں۔
اندلس سے متعلقہ اگلی تحریر" قرطبہ اندلس کا سفر" درج ذیل لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔
Copyright © All Rights Reserved :
No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact:
aatif.malikk@gmail.com
Comments
Post a Comment