ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں، ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم : Air Commodore Zafar Masud
ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں، ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم Air Commodore Zafar Masud (Fondly remembered as Mitty Masud) تحریر : عاطف ملک ایر کموڈور ظفر مسعود کو میں نہیں جانتا تھا۔ ان سے تعلق عجب طریقے سے ہوا۔ 2003 یا 2004 کی بات ہے کہ میں اسلام آباد میں رہتا تھا۔ کبھی کبھی قریبی گالف کورس کے ساتھ کی بیرونی سڑک پر ایک بوڑھے میاں بیوی آہستہ آہستہ چلتے نظر آتے تھے۔ خاتون کوئی یورپین خاتون تھیں۔ میں سمجھا کہ کسی کے والدین ہیں ۔ پھر اکثروہ خاتون اکیلی واک کرتی نظر آنے لگیں بعد میں علم ہوا کہ اُنکے خاوند علیل ہیں ۔ ایک دن اُن سے بات چیت ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ مسز ایر کموڈور ظفر مسعود ہیں۔ وہ جرمن خاتون نوکری کی غرض سے کراچی آئی تھیں کہ ماڑی پورمیں تعینات ظفر مسعود کی محبت میں گرفتار ہو کے یہیں کی ہو گئیں۔ اتفاقاً میں اور میری بیگم دونوں جرمن زبان بولتے ہیں سواُن سے ہمارا تعلق گہرا ہوگیا۔ انکا اکلوتا بیٹا جرمنی کے شہر کولون میں رہتا تھا جبکہ یہ دونوں میاں بیوی ایر فورس کے سیکٹر ای- ۹ میں دو کمروں کے فلیٹ میں رہتے تھے۔ ایر چیف مارشل ریٹا ئرڈ جمال ن...