بوسنیا کا سفر، چھٹی قسط

تحریر: عاطف ملک
 

پانچویں قسط درج ذیل لنک پر پڑھی جاسکتی ہے 

https://aatifmalikk.blogspot.com/2026/11/blog-post.html 

بلغراد کے ایرپورٹ پر بالآخر اعلان ہوا کہ  گیٹ نمبر سات سےجہاز پر جائیے۔اب سات نمبر گیٹ پر پہنچےتو کوئی مسافر نظر نہ آتا تھا۔ ایک جانب گیٹ سات اے کا نشان نظر آیا، اُدھر سے راستہ نیچے کو جاتا تھا،  سو  پرواز کے لیے نیچے اترنا تھا۔ بزرگ کہتے ہیں کہ زندگی میں بلندی کے سفر جھک  کر شروع ہوتےہیں۔ نیچے اترا تو دیکھا کہ وہاں ایک چھوٹاہال ہے جہاں مسافر اکٹھے ہیں۔ ایرپورٹ کی عمارت سے نکلے اور سامنے ایک بس تھی جو مسافروں کو لےکررن وے پر کھڑے جہاز تک پہنچی۔

اے ٹی آر جہازپر عقب سے داخلے کے لیے چار یا پانچ سیڑھیوں کی چڑھائی تھی۔  کچھ معذور مسافر تھے جنہیں معذوروں کی کرسی ( ویل چیئر) پر لایا گیا تھا۔ انہیں جہاز پر پہلے چڑھانا تھا۔ یہ ایک مشکل کام تھا کہ دو لوگ ایسے ایک مسافر کو  بازو ںسے اٹھا کر سیڑھیاں چڑھا رہے تھے۔سیڑھیوں کی چوڑائی  اور آگے جہاز کے دروازے کی چوڑائی کم تھی۔ معذور مسافروں کو چڑھانے میں مشکل آرہی تھی۔ ایسے میں رن وے پر مسافروں کا ہجوم ہوگیا تھا۔

بلغراد ایرپورٹ پر  جہاز میں داخل ہونے کا مرحلہ

 مسافر کے ذہن میں کچھ منظر آن پہنچے تھے۔ مسافر نے کئی سال پنجاب یونیورسٹی کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں پڑھایا تھا۔ ایک جماعت میں ٹانگوں سے معذور ایک طالب علم تھا۔ کلاس کبھی پہلی منزل کے کسی کمرے میں  لگا دی جاتی  تو اس طالب علم کے لیے پہنچنے کا کوئی راستہ نہ تھا۔ درسگاہ میں معذور طالب علموں کے لیے کوئی در  اور راستہ نہ تھا کہ وہ خود اوپری منزلوں تک پہنچ پائیں۔وہ معذور طالب علم بھاری جسم تھا،  ایسے میں ایک ہم جماعت اس طالب علم کو اپنی کمر پر لادکر کمرہ جماعت تک لاتا تھا۔ اگر یہ منظر مسافر لیکچر کے شروع میں دیکھتا تو اس دن کے لیکچر میں ایک افسوس کی دھند بھی شامل ہوتی۔ کہہ نہیں سکتا کہ کیوں، مگر ایسا محسوس ہوتا کہ استاد میں بے چینی ہے اور اس کی  کمر بھی درد کررہی ہوتی۔ احساس جہاں ہونا چاہئیے وہاں ناپید تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ علم بانٹنے پر تعینات تھی، احساس بانٹنے کے لیے جو شعور چاہیئے شاید اس سے عاری تھی۔ وہ ساتھی طالب علم جو بھاری طالب علم کو اٹھا کر لاتا تھا احساس رکھتا تھا۔ وہی احساس جو استاد کو دونوں طالب علموں کا تھا، ایک جو نہ چاہتے ہوئے بھی بوجھ بنا دیا گیا تھا اور دوسرا  جو اپنے احساس کے وزن سے ایک وزن اٹھائے تھا۔ غلہ منڈی کا مزدور اور پنجاب یونیورسٹی الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں پڑھتا طالب علم،  دونوں کے لیے خیال آتا تھا کہ ان کی کمر درد کا شکار نہ ہوجائے۔مگر  دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ دھڑے بازیوں اور سیاست کا شکار تھی، ان کے لیے معذور طالب علموں کا خیال معمولی اور غیر اہم معاملہ تھا۔

مسافر سفر میں  رہا ہے۔ زندگی دائرے کا سفر ہے ، ایسا کہ نقطہ اختتام نقطہ آغاز بھی ہے۔ مسافر کے لیے لاہور کا ریلوے اسٹیشن  ایک اکائی رہی ہے، کبھی وہ سفر کا  آغاز تھا اور کبھی اختتام تھا۔  سفر شروع کریں تو سرخ اینٹوں کے ریلوے اسٹیشن کے برآمدے  کے آگے واقع ہال سے سیڑھیاں  چڑھتی ہیں، سوائے پہلے پلیٹ فارم کے  کسی بھی پلیٹ فارم پر جانےکے لیے چڑھائی چڑھنی پڑتی ہے۔ چڑھیں  ،پھر ایک سیدھا راہ ہے جس پر سے ہر پلیٹ فارم پر دونوں جانب سے سیڑھیاں اترتی ہیں۔ ریل غریبوں کی سواری ہے ۔ بوڑھی عورتیں اور بوڑھے مرد  بوجھ اٹھائے ان سیڑھیوں پر مشکل سے چڑھتےاور اترتے نظر آتے ہیں۔ اُن کا  سفر کبھی کچھ آگے ہے اور کبھی سفر ختم ہورہا ہوتا ہے۔ یہ سیٹرھیوں کی چڑھائی کی مشکل ان کےلیے ختم ہو سکتی ، مگر صاحبوں کے لیے یہ معمولی اور غیر اہم معاملہ تھا۔ 

 جہاز میں چڑھنے میں دیر لگ رہی تھی، اور لوگ اکٹھے کھڑے تھے سو مسافروں نے آپس میں گپ شپ لگانا شروع کردی۔میرے ساتھ ایک چینی نقوش کی لڑکی کھڑی تھی۔ اس سے کاندھوں پر موٹے کپڑے ( جین کے کپڑے) کا تھیلا یعنی رک سیک تھا جس پر کئی ملکوں کے جھنڈے سیے گئے تھے۔  جس ملک کا چکر لگا اس کے جھنڈے نے بیگ پر جگہ پائی۔  اس  سے جہاز کے در پر کھڑے بات ہوئی تو علم ہوا کہ بنیادی طور پر کورین ہے مگر امریکہ میں رہتی ہےاور  ملک ملک گھومتی ہے۔ بوسنیا پہلے بھی آئی تھی، کہنے لگی کہ بوسنیا میں تاریخ جا بجا بکھری ہے،  سلطنتِ روم کے کھنڈرات،  عثمانی ترکوں  کے وقت کی جھلک ، آسٹرین  ہنگری سلطنت کے دور کا رنگ ، یوگوسلاویہ    اور اس کے حصے بخرے ہونے کے اثرات ، نوے کی دہائی کی جنگ کی علامات سب یہاں ہے، سراجیو کی کئی عمارات پر  آج بھی گولیوں کے نشان شہر کے چار سالہ محاصرے کا بتاتے ہیں۔ مسافر کا سفر ان نشانات کو دیکھنا اور لوگوں سے بات کرکے ان کی روحوں پر لگے زخموں کو جاننا تھا، مسافر سفر میں تھا۔ 
ہماری گفتگو میں پیچھے کھڑا شخص بھی شریک ہو گیا۔ پچاس سال کی لگ بھگ عمر کے اس گورے کا چہرہ سرخ تھا اور انگریزی کا لہجہ بتاتا تھا کہ اس کی مادری زبان کچھ اور ہے۔ پوچھا تو پتہ لگا کہ نارووے کا رہنےوالا ہے، اور دل سے مسافر ہے۔ بوسنیا کے  لیے یک طرفہ ٹکٹ لے کر آیا ، وقت اور راہ کے تعین سے بے فکرا تھا۔ اس کے سفر کا تمام سامان ایک کاندھے پر اٹھائے رک سیک میں تھا۔ علم نہیں کہ وہ نارویجن اقبال کو جانتا تھا یا نہیں مگر مسافر کو اقبال کی یاد آگئی جس نے کہا تھا:
راه دشوار است سامان کم بگیر
در جهان آزاد زی آزاد میر
راہ مشکل اور دشوار ہے سو اپنا سامان کم رکھ،کہ زندگی بھی آزاد ہو اور موت بھی آزاد آئے۔  سامان کے بوجھ میں  بہت کچھ شامل ہے ، خواہشات ، حرص، چالاکیاں، ہیرا پھیری سب اس میں شامل ہیں۔ جب یہ بوجھ کم ہو گا تو انسان آزاد ہوگا۔ بندگی حق کی ہو تو  خوف بھی نہیں ہوتا ۔ ایسے میں زندگی بھی آزاد ہوگی اور موت بھی سربلند اور آزاد ہوگی ۔ اقبال بندہ ِ آزادکی بات کرتا ہے ، ایسے میں رئیس امروہوی  فقیر کو اپنے شعر میں لے آئے کہ:
سفر میں کوئی رکاوٹ نہیں گدا کے لئے
کھلا ہوا ہے ہر اک راستہ ہوا کے لئے
اب یہ گدا کس در کا ہے، یہ بہت اہم ہے ورنہ گداگرانِ جہان اور باربرادری کے گدھوں میں  فرق نہیں ہوتا۔  

جہاز کا اندرونی منظر

جہاز میں سوار ہوئے تو منی ویگن کی یاد آگئی۔ دو رویہ کرسیاں ساتھ ساتھ ہیں، ان میں فاصلہ بھی کم ہے کہ ٹانگیں جوڑ کر بیٹھیں۔ سامنے کا بند دروازہ پائلٹوں کا کمرہ ہے۔ نشستوں کے اوپر سامان رکھنے کی جگہ بھی کم ہے۔ مسافر کی سیٹ کے اوپر کا کمپارٹمنٹ کسی اور کے سامان سے بھرا تھا، سو اپنا بیگ اگلے کمپارٹمنٹ میں رکھنا چاہا۔ وہاں ایک بیگ پہلے سے دھرا تھا، مسافر نے اُسے ہلا کر جگہ بنانی چاہی۔ایسے میں اُس کمپارٹمنٹ سے نچلی سیٹ پر بیٹھا شخص غصے سے بولا، " میرے بیگ کو ہاتھ نہ لگانا، اگر تم نے اسے چھوا تو میں تمہیں گولی ماردوں گا"۔ 

سفر جاری ہے۔ 

 

 
Copyright © All Rights Reserved
No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact:
aatif.malikk@gmail.com 
#AatifMalik, #UrduAdab, #Urdu    

 

 

Comments

Popular posts from this blog

ایک سرکاری سکول کے عظیم استاد کی یاد میں

چین کا سفر، قسط اول

قبرستان کہانیاں