فکر سے لادینیت تک

تحریر : عا طف ملک

کرائسٹ چرچ کے واقعہ کے بعد مختلف افسوس کی تقریبات میں شرکت کے دوران مختلف رنگ، مذہب اور نسل کے افراد سے ملاقات ہوئی۔ ان میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے علاوہ ایتھیسٹ یعنی لادین افراد کی بھی ایک تعداد تھی۔ ان سے گفتگو بھی ہوئِی، انکا  نعرہ انسانیت ہے۔ انکا کہنا ہے کہ وہ ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، مسلمان ہوں یا کسی اور مذہب کے پیروکار۔ وہ ہم جنس پرستوں کے ساتھ ہیں، وہ ابارشن کا حق دیتے ہیں، وہ انفرادی شخصی آزادی کے حامی ہیں، وہ عورتوں، ریفیوجی، اقلیتوں کے حقوق کی پرچار کرتے ہیں، وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے کھڑے ہیں، وہ جانوروں کے  حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ وہ انسان دوست، ماحول دوست، جانور دوست غرض بہت کچھ ہیں۔ وہ مخلص نظر آئے۔ وہ اپنی لادینیت کا بھرپور دفاع کرتے ہیں۔ انکے خیال میں مذاہب مسائل کا حل نہیں دے سکتے بلکہ خود مسائل پیدا کرتے ہیں۔  علاوہ ازیں مذہب کی کوئی عقلی دلیل انکے نزدیک نہیں ہے۔

اس گفتگو سے کچھ سوال اٹھے۔ یہ مضمون ان سوالات کی روشنی میں مختلف تحاریر اور کچھ صاحبِ علم احباب سے استفادہ حاصل کرنے کے بعد لکھا گیا ہے۔ یہ مضمون اپنی جگہ پر مکمل  نہیں کہ مضمون نگار کو بھرپور اندازہ ہے کہ یہ موضوع اپنی جگہ پر مشکل ہے اور اس کے علاوہ مضمون نگاراس موضوع کے ماہر ہونے کا دعویدار بھی نہیں ہے ۔ یہ مضمون کچھ سوالات کا جواب حاصل کرنے کی  انفرادی کوشش ہے، اور ممکن ہے کہ اس سفر میں مزید سوالات کا  سبب بن جائے۔

آج کے دور میں مذہب کا دفاع کرنا  آسان نہیں خصوصاً  ترقی یافتہ ممالک میں جہاں ایک بڑی تعداد اپنے آپ کو لادین بتاتی ہے۔ مزید ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی ہے جو اپنا تعلق کسی مذہب سے تو جوڑتے ہیں مگراس پرعمل پیرا نہیں۔ آسٹریلیا میں 2016  کی مردم شماری میں 30 فیصد لوگوں نے اپنے آپ کو لادین ظاہر کیا ہے۔ ان لادینی افراد کی فہرست میں ان پڑھ، پڑھے لکھے، نوجوان، معمر، انگریزی کے لفظ  انٹیلکچویل کے مترادف عقلی افراد غرض معاشرے کی مختلف جہتوں کے لوگ ملتے ہیں۔ نئی نسل میں بھی ایک بڑی تعداد  مذہب کو نہیں مانتی اور مستقبل میں ان میں اضافہ کا بھرپور امکان ہے۔ یہ افراد اپنے انداز میں لادینیت کی پرچار کرتے ہیں، اس کے لیے دلائل دیتے ہیں۔ وہ لادینیت کو دنیا کے مسائل کا حل جانتے ہیں۔ اس لحاظ سے وہ عیسائی مشنریز اور تبلیغی جماعت کی طرح اپنے نظریے کے دائی ہیں۔ ان کے نزدیک مذہب ایک طاقت کی بجائے کمزوری کا نشان ہے، اور اس کو چھوڑنے میں ہی انسانی بقا و ترقی ہے۔ 

موجودہ  زمانے میں لادینیت پھیلنے کی کیا وجہ ہے؟

مذاہب کی جتھہ بندی اور دنیا میں پھیلے قتل و غارت میں مذہب کا نعرہ، مذہبی رہنماوں کےکرادروں کی گراوٹ، ماڈرن زمانے کا اجتماعیت سے انفرادیت کاسفر، سفید فام نسل پرستی، اندھی مذہب پرستی جیسے کئی عوامل اس لادینیت کا سبب قرار دیے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انسانی سائنسی  ترقی  نے کائنات کی کئی طاقتوں کو عقل کے زور سے اپنے  قابو میں کر لیا ہے سو اس لحاظ سےانسان مذہب کی بھی عقلی توجیح چاہتا ہے۔ یہ مضمون ان تمام عوامل میں سے مذہب کی عقلی توجیح پر بات کرے گا۔ 

آج کے دور میں مذہبی ہونا ایک آوٹ آف فیشن کام ہے۔ اگر کوئی پڑھا لکھا ہو کر بھی مذہب کو مانتا ہے تو اس سے معذرت خواہانہ انداز کی توقع کی جاتی ہے۔ پاکستان میں ایک گمان اکثر سننے میں آیا ہے کہ ترقی کے لیے مذہب کو ریاست سے علیحدہ کرنا ہوگا، بلکہ اس سے بڑھ  کریہ کہ مغربی ممالک نے ترقی حکومت اور چرچ کو علیحدہ کر کے حاصل کی ہے۔ یہ گمان تاریخی پس منظر میں بالکل غلط ہے۔ مغرب میں حکومت اور چرچ ہمیشہ سے الگ رہے ہیں۔ سلطنت روم میں سنہ 300 عیسوی تک عیسائی مذہب  کے ماننے والوں پر بہت ظلم ڈھایا جاتا رہا۔ پہلی صدی عیسوی میں نیرو اور اس کے بعد 303 عیسوی میں  روم کے شہنشاہ ڈائیوکلیشن نے عیسائیوں کےگھروں، کتابوں  کو جلایا اور عیسائیت کے پیروکاروں کو بے رحمی سے قتل کیا۔  313 عیسوی میں روم کے حکمران  کونسٹنٹین کے عیسائیت قبول کرنے کے بعد  عیسائیوں کو اپنی عبادتگاہیں بنانے کی حکومتی اجازت ملی۔ اس کے بعد عیسائیت کا مذہب تیزی سے رومی سلطنت میں پھیلا۔ یہ حیران کن ہے کہ وہ مملکت جو بے رحمی سے عیسائیت کے خاتمے کے لیے تین صدیاں عمل پیرا رہی، وہی بعد میں دنیا میں اس مذہب کی سب سے بڑی نام لیوا بنی بلکہ آج بھی شہرِ روم میں وٹیکن سٹی اس کا واضح نشان ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ حکومت اور چرچ ہمیشہ دو علیحدہ  طاقتور وجود  رہے جو مختلف ادوار میں آپس میں لڑتے بھی رہے اور ایک دوسرے کو سہارا بھی دیتے رہے۔  اس سے برعکس اسلام میں آغاز سے مذہب اور حکومت کا ماخذ ایک ہی ہے۔

ایک اور گمان ہے کہ مذہب کوئی عملی چیز نہیں یعنی مذہب پریکٹیکل نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ جانی جاتی ہے کہ مذہبی عقائد عقلی دلیل پر قائم نہیں بلکہ کچھ  مفروضات ہیں۔ مذہب کے پیروکار انہیں عقیدہ، ایمان کہتے ہیں مگر وہ اس کی کوئی عقلی دلیل دینے میں ناکام ہیں۔ اس رائے پر بھی ایک فکری نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔

مذہب ایک سوچ اور ضابطہ دیتا ہے جو اس کے پیروکاروں کے اعمال پر اثر انداز ہوتا ہے۔ یہ کسی بھی مذہب کا بنیادی مقصد ہے۔ یہ سوچ، عقیدہ چاہے عقلی دلیل کے پیمانے پر اترے یا نہ اترے مگر اس کے اثرات وجہ اور نتیجہ یعنی کاز اینڈ ایفکٹ  کے پیمانے پر ناپے جاسکتے ہیں۔ کئی مواقع پر تجرباتی سائنس تھیوری سے لاعلمی کے باوجود اپنا موثر کردار ادا کرتی رہی ہے اور اسکی سچائی عرصے بعد ثابت ہوئی ہے۔ سائنس سے بڑھ کر مذہب کے قائم رہنے کی اساس ان سچائیوں پر ہونی چاہیئے جو فکری دلیل پر قائم ہوں کیونکہ ان پر عمل پیرا ہو کر انسان کا کردار بدلتا ہے۔ عمل کی دنیا میں ایک جھوٹی یا کمزور بنیاد دیرپا نہیں ہوسکتی۔ اگلا سوال یہ ہے کہ کیا مذہب فکر کے تابع ہے کہ ہم فکر اور دلیل کی مدد سے مذہب کو ناپ رہے ہیں؟ یا یہ کہ کیا مذہب کو فکری دلیل سے ناپنا صحیح ہے؟

سائنس میں پیچدہ  اکائیوں کو ملٹی ڈائیمشنل ویو یعنی کثیر الاطرافی نظر سے دیکھا جاتا ہے جس میں یہ اطراف آپس میں عمودی ہوتی ہے۔ آسان زبان میں یہ اطراف ایک دوسرے پر سایہ نہیں ڈالتیں یعنی ایک دوسرے سے خودمختار ہوتے بھی  اس پیچیدہ اکائی کی شناخت کے لیے باہمی مربوط ہیں۔ انسانی تصور تین عمودی سمتوں سے آگے نہیں سوچ سکتا، مگر آج کی کمپیوٹنگ طاقت نے کثیر الاطرافی نظر کو ممکن بنا دیا ہے۔ اگر آپ اس پیچدہ اکائی کو   مناسب کثیرالاطراف کی بجائے کم اطراف سے بیان کریں گے تو بیان غلط ہوگا کیونکہ وہ اکائی اپنے اندازہ لگاتے آلے کی گرفت سے کہیں آگے ہے۔ یہاں شکار شکاری کے ہتھیاروں سے کہیں برتر ہے۔ فکری دلیل کے لحاظ سے مذہب کا اندازہ لگانا درست ہے مگر اس ادراک کے ساتھ کہ ہم اپنے موجودہ علم کے ساتھ اس کا جزوی جائزہ لے پارہے ہیں، اور جب ہم مزید کثیرالاطرافی نظر کے حامل ہونگے تو ہمارا اندازہ  بہتر ہوتا چلا جائے گا۔ 

 اب اگلا سوال ہے کہ کیا عقیدہ، ایمان، وجدان، وحی عقلی دلیل سے ممکن بھی ہیں کہ نہیں؟ کیا وجدان اور فکر ایک دوسرے سے متصادم ہیں کہ ایک ہی حقیت کی پرتیں ہیں؟

لیکن اس سوال پر غور کرنے سے پہلے شاعری کی بات کرتے ہیں کہ شاعر بھی ایسے خیال لے کر آتے ہیں جو انسانی دلیل کے دائرے میں نہیں آرہے ہوتے۔ حیران کن اور دلچسپ بات ہے کہ یہ خیال اپنے وقت پر درست ثابت ہوتے رہے ہیں۔ غالب نے کہا تھا۔

اب منتظرِ شوقِ قیامت نہیں غالبؔ
 دنیا کے ہر ذرّے میں سو حشر بپا ہیں 

یا علامہ اقبال کہہ گئے کہ" لہو خورشید کا ٹپکے اگر ذرے کا دل چیریں"۔ ایٹم کی طاقت کے بارے میں  یہ جو غیب سے مضامیں خیال میں وقت سے پہلے  آگئے ان کو عقلی پیمانے پر کہاں رکھیں؟ شاعری کے ذریعے سے یہ آتے مضامیں انفرادی، مبہم اور تمثیلی ہیں اور سائنس کی ضرورت کے مطابق مدلل نہیں۔ مدلل نہ بھی ہونے کے باوجود یہ  وزنی اور اثر پذیر ضرور ہیں۔ مذہب کے مضامین شاعری سے بڑھ کر  فرد سے معاشرے  کی جانب کے سفر پر سچائی پر مبنی ہونے چاہیئیں، اور عقل کی کسوٹی سے بڑھ کرعمل کی کسوٹی پر  ناپے جائیں گے۔ 

کیا عقیدے کے لیےدلیل لازمی ہے؟ کیا خلافِ عقل یا منطق کے دائرے سے باہر ہر بات  بے فائدہ، بیکار اور ناقابلِ قبول ہے؟ یہ بھی ممکن ہے کہ خیال اپنے خلافِ عقل ہونے سے ہی طاقت لے رہا ہو۔

ماہرین نے انسانی دماغ کے تین حصے بتائے ہیں۔ سب سے پرانا، کلیدی اور ابتدائی حصہ ریپٹیلین  برین ہے جو ہماری بقا کا ذمہ دار ہے۔ لڑنا یا جان بچا کر بھاگ جانا اس حصے کی سوچ کے تابع ہے۔ دوسرا حصہ عصبی احساسی ہے جسے لیمبک برین کہتے ہیں، یہ ہمارے جذبات کی بنیاد ہے۔ تیسرا اور سب سے مقابلتاً کم عمر حصہ نیو کورٹیکس ہماری عقلی قوت کا مرکز ہے۔ 

عقیدہ  اپنی غیر منطقی بنیاد پر ہمارے  دماغ کے عقلی حصے کو تو  پریشان کرتا ہے مگر دوسری جانب ہمارے دماغ  کے جذباتی حصے کے لیے سکون آور ہے۔ انسانی بقا ء  اور ترقی میں جذبات کا  ایک اہم کردار ہے۔ اگر محبت، نفرت، ڈر، غم، ہوس، حسد، لالچ اور دوسرے جذبات کو قا بو کر لیا جائے تو  بقا ہے اور اگر یہ جذبات حاوی ہو جائیں تو تباہی ہے۔ مذہب اس جذباتی حصے تک براہ راست پہنچتا ہے جبکہ عقل اس حصے تک کائنات کی حیرانگیوں کا اثر تو لا سکتی ہے مگر سکون آوری  میں کہیں راہ میں ہی الجھ کر رہ جاتی ہے۔ کرائسٹ چرچ کے واقعہ میں  ایک بیوہ جس نے ایک لمحے میں محبت کرتا شوہر اور جوان تابع فرمان بیٹا کھو دیا تھا،  اسکے ٹی وی انٹرویو میں نظر آتا اور پھیلتا سکون عقیدے کی دلیل پر فوقیت کا ایک عملی مظاہرہ  ہے۔

ایک بھیانک خواب سے در آیا ڈر جاگنے کے بعد بھی تمام عقلی دلیلوں کے باوجود اتنی آسانی سے نہیں جھٹکا جاسکتا۔  کئی مقامات پر فرد کو درپیش مسلے کا حل چاہیئے ہوتا ہے، اس سے قطع نظر کہ وہ حل عقلی ترازو پر وزن رکھتا ہے یا بے وزن ہے۔ مثل ہے کہ حاجت مند دیوانہ ہوتا ہے۔ تکلیف میں مبتلا کو صرف حل چاہیئے کہ یہ اس کی بقا کے لیے ضروری ہے۔ سو یہاں اہمیت حل ہے، عقلی تفسیر کہیں بعد میں آتی ہے۔ 
اورعقل کا ترازو ابھی عقیدے کے وزن کا  ادراک بھی نہیں رکھتا۔ یاس یگانہ کا شعر اس موضوع کے پیرائے میں برمحل ہے کہ 

علم کیا، علم کی حقیقت کیا
جیسی جس کے گمان میں آئی

سائنس اپنے لحاظ کئی جگہ پر مان چکی ہے کہ وہ سخت حدود کے اندر ہے۔ ہائیزن برگ انسڑنٹی پرنسپل یعنی ہائیزن برگ کا عدم قطعیت کا اصول دو متعلقہ مادی مقداروں کے بارے میں بتاتا ہے کہ حتمی طور پر ان دونوں کا تعین بیک وقت نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح سگنل کو بھی پوری قطعیت سے بیک وقت فریکونسی اور وقت کی دنیا میں نہیں جانچا جا سکتا۔ اہم بات ہے کہ یہ مادی اشیاء کے ماپنے سے معذوری کی بات ہورہی ہے، عقیدہ اورالہام جیسی غیر مادی اشیاء تو کہیں آگے کی باتیں ہیں۔

آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ترقی پاتے شعبے میں انسانی ذہن کی نقل کی جارہی ہے، اس میں نیورل نیٹ ورکس کے ذریعے کئی محیر العقل کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ انہیں میں ڈیپ لرننگ کے ذریعے کلاسفیکیشن کا کام کیا جارہا ہے۔ ان میں بیماریوں کی تشخیص، افراد اور اشیاء کی پہچان، خاموش فلموں میں انسان کی مدد کے بغیر آوازیں بھرنا، تصویروں کو انسانی مدد کے بغیر بیان کرنے جیسے حیران کن کام شامل ہیں۔ کمپیوٹنگ طاقت کے ذریعے جڑے ہوئے لاکھوں نیورون میں بنیادی خدوخال کیسے اندرونی طور پر بدلتے ہیں، سائنسدان اس کو نہیں جانتے۔ یہ ایک بلیک باکس کی طرح ہے جس کی اندرونی ہیئت اور تبدیلیوں کا بھرپورعلم سائنسدانوں کو نہیں ہے۔ مگر کامیاب حل سب سے بڑی ترغیب ہے جس کے تحط ڈیپ لرننگ کو مختلف شعبوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔  
     
ایک اور بات نظر آئی کہ فکر اور دلیل  وقت کے ساتھ منسلک ہے۔ یہ وقت کے ساتھ  نمو لیتا اور طاقت پاتا پودا ہے، سو ہم کہہ سکتے ہیں کہ وجدان اور فکر ایک دوسرے سے متصادم نہیں بلکہ وقت کے محور پر ایک دوسرے کے ساتھ کہیں نہ کہیں جڑے ہیں، جیسے ننھے بیج کے اندر کل کے تناور درخت کا عکس آج بھی موجود ہے۔ 

 آج چونکہ مذہبی عقیدہ فکری دلیل کے دائرے میں نہیں آپایا  سو فکر کی حد اور تہی دامنی کو ماننے کی بجائے جانا گیا کہ عقیدے اور ایمان کو مذہب سے نکال دیا جائے، جبکہ مذہب کی دوسری  خصوصیات مثلاً صلہ رحمی، رواداری وغیرہ کو  رہنے دیا جائے۔ سو اس طرح فکر مذہب کی جانچ کرتے کرتے لادینیت کی طرف لے آئی۔ بلکہ اس کی بنیاد پر کئی اور خام  نعرے اور نظریے سامنے آگئے ہیں مثلاً مغرب میں پھیلتا وی گن کا گروہ جو نعرے لگارہا ہے کہ جانور بھی ہماری طرح محسوس کرتے ہیں اور  یہاں تک کہ گوشت تو ایک طرف جانوروں کا دودھ استعمال کرنے کو بھی غلط سمجھتے ہیں۔ انکا جانور پالنے والے کاشتکاروں پر حملے اخباری خبریں بن رہے ہیں۔ اپنے عقل اور خیال کے لحاظ سے کئی فار رائیٹ انتہاپسند جو بڑے قتل عاموں میں ملوث رہے، وہ اپنے اعمال پر شرمندہ تک نہیں ہیں بلکہ فخر کرتے ہیں۔ نارووے کے اندرس بریویک اور کرائسٹ چرچ کے قاتل کی مثال سامنے ہے۔  

انسانی فکر وقت کے بہاو کے ساتھ نئے منظر دکھاتی ہے۔ پرانے مسائل کے نئے حل سوچے جارہے ہیں۔ نیا دور اپنے  نئے مسائل بھی ساتھ لے کر آتا ہے۔ لازمی ہے کہ لادینیت کے ساتھ ساتھ  قدیمی مذہبی سوچ کا بھی نئے دور کے عقلی تقاضوں کے مطابق جائزہ لیا جائے اور کثیرالاطرافی تعریف ڈھونڈی جائے۔ اس طرح ہی ہم نئے دور کے مسائل کا حل ڈھونڈ پائیں۔ اگر فکر کی حدود سمجھے بغیر نظریات  دیے جائیں گے تو ان پرعمل خطرناک ہوگا۔ شاعر مشرق کے مطابق 

آزادی افکار سے ہے ان کی تباہی
رکھتے نہیں جو فکر و تدبر کا سلیقہ
ہو فکر اگر خام تو آزادی افکار
انسان کو حیوان بنانے کا طریقہ

کچھ سوال اور بھی ہیں مگر مضمون کی طوالت اور مزید تحقیق کی ضرورت کے زیر اثران سوالات کو ابھی صرف لکھا جارہا ہے۔ مستقبل میں ان پر بھی بات کرنے کی کوشش ہوگی۔

کیا سب لادین افراد انسان دوست ہیں؟
  
کیا لادین افراد کا بھی کوئی منشور  ہے جس کی عملداری ان  پر لازم ہے یا ان کا عمل انفرادی سوچ کی طاقت یا کمزوری کے تابع ہے؟

کیا صلہ رحمی، رواداری اور دوسرے اوصاف انسانی صفات ہیں ؟ اور اس وجہ سے تمام انسانوں میں پائی جاتی ہیں کہ لادینی اس کی ترویج کرتی ہے؟

کیا روحانیت کی دنیا عقل کے دائرے میں آسکتی ہے؟

Copyright © All Rights Reserved :
No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact:
aatif.malikk@gmail.com


Comments

Popular posts from this blog

Selection of Private Hajj Operators: Considerations

کیااتفاق واقعی اتفاق ہے؟

اشبیلیہ اندلس کا سفر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک تصویری بلاگ