Posts

Showing posts from December, 2017

گذرا سال

تحریر : عاطف ملک 31 دسمبر 2017 کو لکھا۔ دسمبر کی دھند میں اک سال اور گم ہوا اور میں سال کے آخری دن بیٹھا سوچ رہا ہوں اس سال کی لحد کے پتھر پر کیا  لکھوں سالِ گم  یا سالِ حاصل گذرے سال میں نے پانی بہنے کی آواز سنی تھی بیج سے اُ گتا  پودا  دیکھا منزل کے کئی رستے جانے اورجان کر رستہ بھول گیا تھا وقت سے اُس کو لڑتے دیکھا جس کے پاس وقت نہیں تھا بھوک،  پریشاں غم ، تعلق، سوندھی خوشبو آ نکھ  کا  آ نسو بےغرض محبت سب کو ہی محسوس  کیا  تھا سالِ حاصل سا لِ حاصل لفافے  پر  پھرمیں نے لکھا  سا لِ حاصل اور وقت کی لہروں پر پوسٹ کیا سالِ حاصل سالِ حاصل Copyright © All Rights Reserved  : No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact: aatif.malikk@gmail.com

گھونگا اور میں

تحریر  : عاطف ملک گھونگے نے جب آ نکھیں کھولیں ساحل پر جب ریت کو دیکھا موجوں کی تغیانی دیکھی بادل کی روانی دیکھی پاس سے بہتا پانی دیکھا فلک کی نیلی چادر دیکھی مجھ سے آ کر یوں وہ  بولا "میں بھی کتنا  چھوٹا  ہوں" میں بھی اُس کے ساتھ  پھر نکلا ساحل پر جب ریت کو دیکھا موجوں کی تغیانی دیکھی بادل کی روانی دیکھی پاس سے بہتا پانی دیکھا فلک کی نیلی چادر دیکھی اُس کو  پھر  میں یوں ہوں بولا "میں بھی کتنا  چھوٹا  ہوں" پاس سے پھرآواز یوں آئی نظر بڑائی،  سفر  بڑائی    دونوں اب ہیں سفر پہ  نکلے گھونگا، میں، میں   اور  گھونگا   چار دسمبر  2017 کو   سٰڈنی سے پرتھ  کی فلائیٹ میں لکھا۔  Copyright © All Rights Reserved  : No portion of this writing may be reproduced in any form without permission from the author. For permissions contact: aatif.malikk@gmail.com