صلہ
تحریر: عاطف ملک شہر کا وہ علاقہ کبھی نواح میں سمجھا جاتا ہوگا مگر اب شہر اس سے کہیں آگے پھیل چکا تھا۔ وہاں متوسط طبقے کے لوگوں کی رہائش تھی۔ زیادہ گھر ایک منزلہ اور آگے لان رکھتے تھے۔ جنگلے بہت اونچے نہ تھے، پیدل گذرتے گھروں میں لگے درخت اور پھول نظر آتے تھے۔ علاقے کی گلیوں اور سڑکوں کے نام ستاروں اور سیاروں کے نام پر تھے۔ جویپٹر سٹریٹ یعنی گلی ِمشتری کو مرکری سٹریٹ یعنی گلیِ عطارد کاٹتی جاتی تھی، جبکہ اس کے متوازی سٹار سٹریٹ یعنی ستاروں کی گلی تھی۔ سٹار سٹریٹ سے ایک راستہ گلی اپالو کو نکلتا تھا، جس پر جاکر آگے آپ گلیگسی سٹریٹ یعنی گلیِ کہکشاں میں داخل ہوجاتے تھے۔ ساتھ ہی جمنی وے یعنی راہِ جوزہ تھا جس کے ساتھ پلینٹ سٹریٹ یعنی گلیِ سیارہ تھی۔ اس کائناتی کرہِ ارض کی ایک گلی میں گردش ِ لیل و نہار نے ہمیں بھی لا کر بٹھا دیا تھا۔ وہ ہفتہ کاد ن تھا، صبح کا وقت تھا، ہفتہ وارانہ چھٹی ہونے کے باعث ناشتہ آرام سے کر رہے تھے کہ اچانک ایک زوردار آواز آئی، ایسے لگا کہ باہ...