قصہ چہار دوست
تحریر : عاطف ملک پینتیس سال قبل وقت اور قسمت کا سفر چار نوعمروں کو اپنے اپنے گھروں کے آرام سے ایک غبار آلود شہر میں لے آیا۔ شہر بھی خوابیدہ تھا اور یہ لڑکے ابھی خود بھی خوابیدہ تھے، ان کی آنکھیں ابھی نیم وا تھیں۔ دسویں جماعت کا امتحان دینے کے بعد وہ زندگی کی طرف دیکھنے لگے تھے؛ حیرت، حیرانی، بے یقینی سب آپس میں گڈ مڈ تھا۔ ان کی آنکھیں ابھی ادھ بند تھیں۔ ان میں سے ایک چکوال کے ایک گاوں سے آیا تھا۔ وہ گاوں کہ گوجر خاں سے چکوال جاتے راہ میں آتا تھا۔ ایک ٹوٹی پھوٹی سڑک اور اس پر چلتی ایک پرانی فورڈ ویگن۔ عجب بے ڈھنگی سی ویگن، بونٹ آگے کو نکلا ہوا، فرنٹ پر دو خواتین کے لیے سیٹیں، درمیان میں بیک ویو شیشہ اور اس پر لٹکتے تین رنگ برنگے پراندے، رفتار بدلنے کے لیے گیئر کی لمبی سلاخ اور اس پرلگا کالا لٹو۔ اور اس لٹو پر زور لگاتا ڈرائیور۔ فرنٹ دروازے کے ساتھ ہی پیچھے باہر کھلتا دروازہ اور اس سے لٹکتا کنڈیکٹر۔ اور گوجر خان کے ویگن سٹینڈ پر لوگوں کا ہجوم جو ویگن آتے ہی اس پر ٹوٹ پڑتا تھا۔ویگن کے پچھلےحصے کی کھڑکیاں کھول کر اس میں اپنے کندھے پر دھرے کپڑے کے صافے کو سیٹوں ...