بیاد فلائیٹ لفٹیننٹ وقاص شمیم
تحریر عاطف ملک پس منظر: فلائیٹ لفٹیننٹ وقاص شمیم نے انیس سو نوے میں ایروناٹیکل انجینیئر کے طور پر پاکستان ایر فورس اکیڈمی سے کمیشن حاصل کیا۔ انیس سو تیرانوے میں آپ سرگودھا کے قریب کرانہ پہاڑی پر لگے ریڈار پر بحثیت انجینئر تعینات تھے کہ آپ کی جیپ پہاڑ سے گر گئی، جس کے باعث آپ دو ساتھیوں کے ہمراہ خالق حقیقی سے جاملے۔ اگر آپ اکبری دروازے سے اندرون لاہو ر میں داخل ہوں تو تنگ بازار سے گزر کر محلہ سریاں والا آتا ہے، غازی علم دین شہید کا گھر اِسی محلے میں تھا، اُ نہیں کے نام پر اب وہاں کا چوک موسوم ہے۔ اُس چوک سے بائیں جانب مڑ کر کوچہ چابک سواراں سے گزرتے جائیے تو آگے محلہ ککے زئیاں آتا ہے۔ ککے زئی اسے عرفِ عام میں بڑی گل...