دادی اور پوتی
تحریر: عاطف ملک کمرے کی دیواریں پر ہلکی زرد سفیدی تھی، پیلاہٹ آمیز، ویسی جو کتاب کےصفحات کی ہوتی ہے، ایسی کتاب جو زندگی کی کہانی سناتی ہے۔ جب میں اپنی کتاب چھپوارہا تھا تو پبلیشر نےمجھے کہا کہ سفید کاغذ آنکھوں کو چبھتا ہے، پیلاہٹ آمیز صفحات آنکھ آسانی سے پڑھ سکتی ہے۔ تیری کہانیاں زندگی کے گرد گھومتی ہیں، ایسی کہانیاں آسانی سے پڑھی جانی چاہیئے۔ میں مسکرا دیا، اگر کوئی اس مسکراہٹ کا رنگ دیکھ پاتا تو جان لیتا وہ ہلکی زرد تھی۔ زندگی کے قہقہوں اور آنسووں کو رنگوں میں ڈھالا جائے اور پھر زندگی کا اوسط رنگ نکالا جائے تو یہی رنگ نکلے گا۔ کمرے کی دیواروں پر ہلکی زرد سفیدی تھی اور کمرے میں دو دیواروں پر لگے بلب بھی پیلی روشنی پھیلارہے تھے۔ دیواریں ایک دوسرے سے زاویہ قائمہ بنا رہی تھیں اور ان پر چھت قائم تھی۔ چھت اونچی تھی اور کمرے کی دیواریں موٹی تھیں، ماضی کی تعمیر جب دیواریں اٹھارہ انچ کی ہوتی تھیں۔ کمر ے میں چار لکڑی کے درو...