برادر عید مبارک
تحریر : عاطف ملک یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا میں مسلمان طالبعلموں اور اساتذہ کی نمازوں کے لیے ایک کمرہ یونیورسٹی انتظامیہ نے دیا ہے۔ یہ کمرہ ماضی کے طالبعلموں کی لگاتار کوششوں کی وجہ سے ملا تھا۔ اسے مصلہ کے نام سے جانا جاتا ہے، جمعہ کی نماز یہاں نہیں ہوتی بلکہ یونیورسٹی کے جمنیزیم میں جمعہ کی نماز کے لیے جگہ کرائے پر لی جاتی ہے۔ جوتے اتار کرکمرے میں داخل ہوں تو دائیں جانب ایک دروازہ ہے جو ایک مختصر سے کچن میں کھلتا ہے۔ ایک واش بیسن اور اس سے متصل پتھر کی سل پر ایک مائکرو ویو اون پڑا ہے جس کے ساتھ کچھ برتن پڑے نظر آتےہیں۔ دیوار پر ایک نوٹس چسپاں ہے کہ برتن کھانے کے بعد دھو کر رکھیں۔ ایک کونے پر دو دروازوں کا سفید رنگ کا فریج کھڑا ہے۔ مائیکرو ویو میں کچھ کھانا گرم کریں تو خوشبو پورے کمرے میں پھیل جاتی ہے۔ اور اگر سجدہ گیر جذبے سے مانگے تو اُسے کھانے کو بھی مل جاتا ہے۔ کچن سے واپس نکلیں تو آپ مسجد کے کمرے میں ہیں، مگر یہ کمرہ مسجد کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ ایک کونے پر کسی طالبعلم کا پہیوں والا لکڑی کا سکیٹ بورڈ پڑا ہے۔ یونیورسٹی میں بہت سے طلبا آپ کو لکڑی کے...